ملتان (کیو این این ورلڈ)ملتان میں ڈکیتی کی ایک لرزہ خیز واردات کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک خاتون کو قتل کر دیا جبکہ مزاحمت پر اس کا شوہر شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح ڈاکو چوری کی غرض سے ایک گھر میں داخل ہوئے۔
واردات کے دوران ڈاکوؤں کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گھر میں موجود خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کا شوہر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے مقتولہ کی شناخت رخسانہ بی بی کے نام سے کی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے خاتون کی لاش اور زخمی شوہر کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مختلف ٹیمیں فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہی ہیں۔