پاکستان، ایران کا علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال، مکہ دفاعی معاہدہ بھی زیرِ بحث
اسلام آباد:(کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، امن و استحکام کی کوششوں اور حالیہ دفاعی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں پیدا ہونے والی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں نئی تجارتی راہداری کے حوالے سے ہونے والی حالیہ بات چیت سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ مکہ دفاعی معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔
گفتگو میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سفارتی رابطوں اور باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امن کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔