امریکا کی پابندیاں پالیسی نہیں، جنون بن چکی ہیں: ایرانی وزارت خارجہ
تہران:(کیواین این ورلڈ) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب واشنگٹن سفارتکاری کے ذریعے معاملات آگے بڑھانے میں ناکام ہوتا ہے تو وہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے کا راستہ اختیار کرتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی وزیر خزانہ کی جانب سے اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایران کا "دم گھونٹنے” پر فخر کا اظہار واشنگٹن کے پابندیوں کے جنون کی واضح مثال ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا جب سفارتی ذرائع سے اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو پابندیوں کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب پابندیاں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں تو امریکا ان میں مزید شدت پیدا کر دیتا ہے۔ ان کے بقول یہ طرزِ عمل اب محض امریکی خارجہ پالیسی کا حصہ نہیں رہا بلکہ ایک مستقل عادت بن چکا ہے۔
ایرانی ترجمان نے امریکی پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کا یہ رویہ ایک ایسے "جنون” میں تبدیل ہو چکا ہے جس نے اس کی سوچنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر دیا ہے۔