گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوش ربا اضافے کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں فوری طور پر 4 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومتی فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جس کے باعث کرائے بڑھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ اب موجودہ کرایوں پر کام کرنا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق اس اضافے سے ملک بھر میں سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کا براہ راست بوجھ عام صارف پر پڑے گا۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے حکومت کی جانب سے ٹرک اور ٹریلر مالکان کے لیے اعلان کردہ 80 ہزار روپے کی سبسڈی کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے مقابلے میں یہ رقم انتہائی معمولی اور ناکافی ہے، جو ٹرانسپورٹرز کے مالی نقصانات کا ازالہ نہیں کر سکتی۔

ملک شہزاد اعوان نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی نہ کی گئی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے تحفظات دور نہ ہوئے تو وہ ملک گیر ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال کی صورت میں ہونے والے تمام تر نقصان کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، کیونکہ ٹرانسپورٹرز اب مزید مالی بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے