گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ جروار پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2500 کلاشنکوف کی گولیاں برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ جروار پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ تین ملزمان ایک 125 سی سی موٹر سائیکل پر کلاشنکوف کی گولیوں کی بڑی کھیپ لے جا رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لنک روڈ یارو لنڈ، نزد علی آباد چوک جروار پر ناکہ بندی کر دی۔
ناکہ بندی کے دوران پولیس نے موٹر سائیکل کو روک کر دو ملزمان، لیاقت ولد حاجی شاہل گڈانی، سکنہ گاؤں عالم خان گڈانی تعلقہ میرپور ماتھیلو، اور گہرام ولد مہر ککڑو، سکنہ گاؤں محمد عالم ککڑو تعلقہ خانپور ضلع شکارپور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 2500 عدد کلاشنکوف کی گولیاں اور ایک 125 سی سی موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی۔
کارروائی کے دوران ملزم زاہد ولد خیر دین لنڈ، سکنہ گاؤں ابوبکر لنڈ تعلقہ میرپور ماتھیلو، موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس گرفتار ملزمان اور برآمد ہونے والے اسلحہ کو تھانے منتقل کر کے گرفتار دونوں ملزمان اور مفرور ملزم کے خلاف کرائم نمبر 64/2026 کے تحت دفعہ 23 سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسلحہ کی کھیپ کے اصل نیٹ ورک اور ممکنہ خریداروں تک پہنچا جا سکے۔
دریں اثنا ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کامیاب اور بروقت کارروائی پر تھانہ جروار پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔