پیر عادل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار باسط علی گاڈی) جامع مسجد انوارِ مصطفیٰ میں محفلِ ذکرِ امام حسینؓ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں اہلیانِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
محفلِ پاک کا باقاعدہ آغاز قاری محمد خلیل بھٹی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جبکہ مختلف علمائے کرام نے حضرت امام حسینؓ کی سیرت، فلسفۂ کربلا اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
محفل سے علامہ مولانا خواجہ فیض محمد شاہ جمالی، مولانا سید احمد رضا بخاری، مولانا مفتی مختار احمد باروی اور مولانا عبدالغفور حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا حق، صداقت، صبر اور استقامت کا لازوال درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہیے۔
محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی، شہدائے اسلام کے بلند درجات، عالمِ اسلام کے استحکام اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ محفل کے اختتام پر شرکاء کی تواضع کے لیے وسیع لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔