ڈی سی گھوٹکی کا اجلاس، ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت تحصیل ڈہرکی کی یونین کونسل رینی میں ممبر ضلع کونسل کے ضمنی انتخاب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالماجد عباسی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمران علی سیال، اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی عابد قمر اور امیدواروں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل کیا جائے اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل رینی کے تمام 7 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں شفافیت اور سیکیورٹی کے پیشِ نظر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالماجد عباسی نے امیدواروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن سے 200 میٹر کے فاصلے تک کسی کو کیمپ قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اس ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے عبدالستار اور جے یو آئی کے محمد حسین کے درمیان مقابلہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے