سندھ کے شہر خیرپور میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 4 بچے نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے

خیرپور (کیو این این ورلڈ) سندھ کے شہر خیرپور میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے چار بچے نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے لالن نہر میں نہانے گئے تھے کہ اچانک گہرے پانی میں چلے جانے کے باعث ڈوب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تلاش کے بعد چاروں بچوں کی لاشیں نہر سے نکال لیں۔ جاں بحق بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خیرپور میں ایک ہی خاندان کے چار بچوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاڑکانہ میں بھی تین بچوں کے ڈوبنے سے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنر خیرپور اور ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت جاری کی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور معاونت فراہم کی جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے