خیبرپختونخوا حکومت کا سابق فاٹا اور پاٹا کی صنعتوں کے لیے سیلز ٹیکس استثنیٰ کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اور پاٹا میں قائم صنعتی یونٹس کو سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے صنعتی یونٹ کا سابق فاٹا یا پاٹا کے علاقوں میں قائم ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ صنعتی یونٹ کا ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہونا بھی ضروری ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ورچوئل یا ریموٹ ذرائع سے فراہم کی جانے والی خدمات سیلز ٹیکس استثنیٰ کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گی۔ حکام کے مطابق استثنیٰ صرف مقررہ شرائط پر پورا اترنے والے صنعتی یونٹس کو حاصل ہوگا۔

مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی صنعتی یونٹ مقررہ شرائط پر پورا نہ اترا یا استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے غلط معلومات فراہم کی گئیں تو سیلز ٹیکس سے دیا گیا استثنیٰ واپس لیا جا سکے گا۔

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس استثنیٰ یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور 30 جون 2028 تک مؤثر رہے گا۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ استثنیٰ کے نفاذ سے قبل جمع کرائے گئے ٹیکس کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ کا کوئی دعویٰ نہیں کیا جا سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے