ماڑی انرجیز لمیٹڈ اور اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کے مشترکہ اشتراک سے پانچویں انٹر اسکول مباحثہ برائے طالبات 2026 منعقد ہوا،

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ماڑی انرجیز لمیٹڈ اور اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کے مشترکہ اشتراک سے پانچویں انٹر سکول مباحثہ برائے طالبات 2026 منعقد ہوا، جس میں ڈہرکی، گھوٹکی، میرپور ماتھیلو اور اوباڑو کے 29 منتخب گرلز سکولوں کی طالبات نے شرکت کی۔ مباحثے کا موضوع ’’سوشل میڈیا: شعور کا ذریعہ یا گمراہی کا سبب؟‘‘ تھا، جس میں طالبات نے اعتماد، واضح اندازِ بیان اور مضبوط دلائل کے ساتھ اپنے خیالات پیش کیے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد مباحثے کے مختلف مراحل منعقد کیے گئے۔ پروگرام میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی، جبکہ حاضرین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے کوئز سیشن، مہمانانِ گرامی کے خطابات اور تقسیمِ انعامات کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

تقریب میں ماڑی انرجیز اور اینگرو فرٹیلائزرز کی سینئر مینجمنٹ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کی تیاری، اعتماد اور خطابت کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے لڑکیوں کی تعلیم اور ان کی فکری و علمی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

مباحثے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات اور فاتح سکول کو انعامات دیے گئے، جبکہ ججز، مہمانوں اور شریک سکولوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

ماڑی انرجیز لمیٹڈ اور اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ نے حال ہی میں پائیدار کمیونٹی ترقی کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ اس سے قبل دونوں کمپنیاں مشترکہ طور پر شجرکاری مہم بھی منعقد کر چکی ہیں۔ طالبات کے لیے یہ مباحثہ بھی دونوں اداروں کے بڑھتے ہوئے اشتراک اور مقامی سطح پر تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک کڑی ہے۔

مسلسل پانچویں سال منعقد ہونے والا یہ مباحثہ ضلع گھوٹکی کی طالبات کے لیے تنقیدی سوچ، مؤثر ابلاغ، خود اعتمادی اور فنِ خطابت کو نکھارنے کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں طالبات کو مختلف موضوعات پر تحقیق کرنے، اپنے خیالات کو منظم انداز میں پیش کرنے اور دلیل کی بنیاد پر اپنا مؤقف بیان کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے