کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) بلوچستان حکومت نے صوبے کی اہم شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ایک جدید اور نئی سکیورٹی فورس کے قیام کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فورس شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں اور تجارتی سامان کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے مطابق اس خصوصی فورس کے قیام پر مجموعی طور پر 25 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے۔ انہوں نے ٹائم لائن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ اس منصوبے پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور یہ فورس آئندہ 6 ماہ کے مختصر عرصے کے اندر باقاعدہ طور پر فعال کر دی جائے گی۔
حمزہ شفقات کا مزید کہنا تھا کہ جب تک یہ نئی سکیورٹی فورس مکمل طور پر فعال نہیں ہو جاتی، تب تک متبادل اقدامات کے تحت مال بردار گاڑیوں کو سخت سکیورٹی میں قافلوں کی صورت میں منزل مقصود تک پہنچانے کی تجویز پر عمل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مال بردار گاڑیوں کے تحفظ کے لیے ایک جامع انشورنس نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ماضی میں شاہراہوں پر دہشت گردی یا دیگر ناخوشگوار واقعات کے دوران جلائی جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کا عمل انتہائی تیز کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کا نقصان فوری پورا کیا جا سکے۔