لاہور: (کیو این این ورلڈ)لاہور سمیت پنجاب بھر میں 94 سول ججز کے تقرر و تبادلے کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے صوبہ بھر کے 94 سول ججز کے تبادلے اور تقرریاں کی ہیں، جبکہ تمام ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 11 مئی تک اپنے نئے عہدوں کا چارج سنبھال لیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سول جج محمد آصف نواز کو ملتان سے جہلم، جبکہ سول جج ہما الطاف کو حسین آباد سے منڈی بہاؤالدین منتقل کیا گیا ہے۔ اسی طرح سول جج شہباز حسین کو شیخوپورہ سے چونیاں اور صائمہ تبسم کو سیالکوٹ سے چونیاں تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں سول جج کلیم اللہ کو ڈی جی خان سے نارووال جبکہ عبد الستار کو گجرات سے بورے والا تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تبادلہ ہونے والے ججز میں لاہور سے تعلق رکھنے والے 18 سول ججز بھی شامل ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے تقرر و تبادلے عدالتی نظام کی بہتری، کارکردگی میں اضافہ اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔