لاہور: (کیو این این ورلڈ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے معرکۂ حق کی مناسبت سے 8، 9 اور 10 مئی کو صوبہ بھر میں تقریبات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور میں خصوصی تقریبات کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ 8 اور 9 مئی کو لاہور کے لبرٹی گول چکر پر بڑے کنسرٹس منعقد کیے جائیں گے، جہاں قومی ترانے اور ملی نغمے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد قومی جذبے کو اجاگر کرنا اور عوام میں یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 10 مئی کو ایک مرکزی اور شاندار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔ اس موقع پر وزراء اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے، جو پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی دنیا کے لیے ایک مثال ہے اور اسے ایک “کیس اسٹڈی” کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگیں صرف اسلحے سے نہیں بلکہ جذبے، حوصلے اور عزم سے جیتی جاتی ہیں، اور پاک افواج کا جذبہ دفاعِ وطن کے لیے بے مثال ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس موقع کو قومی سطح پر ایک جشن کے طور پر منانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ نئی نسل کو ملکی تاریخ اور قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔