آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر سیالکوٹ میں جماعتوں کا مشترکہ اظہارِ یکجہتی

سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام سیالکوٹ میں ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا، جہاں مقررین نے اس کامیابی کو پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

کانفرنس میں مزمل اقبال ہاشمی، طاہر ہندلی (سابق ایم پی اے)، شیخ فیاض احمد، امتیاز احمد بریار، انجینئر اعجاز نصر، پیر سید محبوب احمد گیلانی، حافظ جاوید گورایہ، آغا فدا حسین، الشیخ حکیم محمد عبدالواحد اور شیخ جاوید حیدر سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملک کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت پوری دنیا میں تسلیم کی جاتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اس حوالے سے متحد ہیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد پاکستان ایک مضبوط اور مستحکم ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے مثبت اثرات عالمی سطح پر بھی دیکھے گئے ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ 10 مئی کے بعد دنیا نے پاکستان کو ایک نئے زاویے سے دیکھا، جہاں ملک نے اپنی معاشی، تکنیکی اور دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، جس سے عالمی سطح پر ایک واضح اور مضبوط پیغام گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر مشکل وقت میں ملک اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے