اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور اہم سفارتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعاون اور سفارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے، علاقائی امن و استحکام، اور جاری سفارتی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان پہنچنے پر اپنی پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کی، جس میں پیشہ ورانہ امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ ایرانی سفارتخانے کے مطابق یہ ملاقات دوطرفہ روابط کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی اپنے دورہ پاکستان کے دوران جوہری معاملے پر کوئی بات چیت نہیں کریں گے، کیونکہ یہ ایران کی اہم پالیسی اور ریڈ لائن میں شامل ہے۔ ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دورہ پاکستان کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
مزید برآں ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد آج ہی اپنے وفد کے ہمراہ روانہ ہو جائیں گے۔ وہ اپنے آئندہ سفارتی دوروں کے سلسلے میں عمان اور روس جائیں گے جہاں مزید اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان میں ہونے والی اس سفارتی مشاورت کے بعد متعلقہ پیش رفت سے امریکی حکام کو بھی آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ امریکی وفد کے دورہ پاکستان سے متعلق حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی نمائندے خطے میں جاری امن مذاکرات کے سلسلے میں سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں ان کی مصروف سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں۔