گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی کے اے سیکشن تھانے کے سامنے لُبانا برادری کے مردوں اور خواتین نے قرآن پاک اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سات ماہ قبل قتل کیے گئے پولیس اہلکار احسان لُبانا کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق احتجاج میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ پنجھو لبانا گاؤں میں پیش آنے والے واقعے کے دوران پولیس اہلکار احسان لُبانا کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود نامزد ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، جس پر متاثرہ خاندان اور برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
مظاہرین نے قرآن پاک اٹھا کر احتجاج کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملزمان کھلے عام گھوم رہے ہیں جبکہ انہیں مقدمہ واپس لینے کے لیے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل دھمکیوں کے باعث متاثرہ خاندان عدم تحفظ کا شکار ہے اور خوف کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
احتجاج میں شریک مرد و خواتین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام اور ایس ایس پی گھوٹکی سے اپیل کی کہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جائے، متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر جلد انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔