ممبئی (کیو این این ورلڈ) بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ سے سادہ مگر پروقار نجی تقریب میں شادی کرلی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب اتوار کے روز ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جہاں دونوں نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت اپنی شادی رجسٹر کروائی۔
رپورٹس کے مطابق تقریب میں صرف قریبی اہل خانہ، عزیز و اقارب اور چند قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ عامر خان کے بچوں جنید خان، آئرہ خان اور آزاد راؤ خان سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اور گوری سپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً 25 برس سے جانتے تھے، تاہم 2024 میں دونوں کے درمیان دوبارہ رابطہ قائم ہوا، جس کے بعد ان کی دوستی مضبوط تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
عامر خان نے مارچ 2025 میں اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ گوری سپراٹ کو اپنی گرل فرینڈ کے طور پر عوام کے سامنے متعارف کرایا تھا، جس کے بعد دونوں کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں مسلسل گردش میں رہیں۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے رینا دتا سے شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید اور آئرہ ہیں۔ بعد ازاں عامر خان نے فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، جن سے ان کا بیٹا آزاد راؤ خان ہے، تاہم بعد میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔
گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا میں عامر خان اور گوری سپراٹ کی شادی کی خبریں زیر گردش تھیں، جن کی اب نجی تقریب میں شادی کے انعقاد کے بعد تصدیق ہوگئی ہے۔