سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/مدثر رتو کی رپورٹ)پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی نیشنل چیف آف آرمی اسٹاف ریسلنگ چیمپئن شپ کے انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے فائنل مقابلے آج سیالکوٹ میں کامیابی سے منعقد ہو گئے۔ فائنل مقابلوں کی میزبانی سیالکوٹ اسپورٹس اسٹیڈیم نے کی جہاں شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ 8 ڈویژن، میجر جنرل ذوالفقار شاہین تھے، جنہوں نے فائنل مقابلے دیکھے اور کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے میں پاکستان آرمی کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور ریسلنگ جیسے روایتی اور قومی کھیل کو قومی سطح پر فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ چیمپئن شپ اس لحاظ سے بھی تاریخی حیثیت رکھتی ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل لیول پر انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کو باقاعدہ طور پر شامل کیا گیا، جس کا مقصد کم عمر باصلاحیت پہلوانوں کو قومی سطح پر سامنے لانا اور انہیں مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔ مقابلوں میں ملک بھر سے ڈسٹرکٹ، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے پہلوانوں نے شرکت کی اور اپنی فنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

فائنل مقابلوں کے اختتام پر گوجرانوالہ کی ٹیم “شیرِ پنجاب” مجموعی طور پر ایونٹ کی فاتح قرار پائی، جبکہ پشاور کی ٹیم “خیبر فائٹرز” نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو شائقین نے بھرپور داد دی۔

اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ریسلرز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے فنِ پہلوانی کو فروغ دینے اور نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا اقدام قابلِ تحسین ہے۔ کھلاڑیوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ نوجوان پہلوانوں کو نیشنل کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل لیول تک پہنچنے کے مواقع میسر آ سکیں۔

شہریوں اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے بھی اس ایونٹ کو پاکستان میں ریسلنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ ایسے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں بلکہ ملک کے لیے مستقبل کے چیمپئنز تیار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے