اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پہلے سے مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی کا ایک اور بم گراتے ہوئے ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کر دیے ہیں۔ نیپرا کی جانب سے پاور ڈویژن کی درخواست پر جاری کردہ اس فیصلے کے بعد اب پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ، دونوں طرح کے چھوٹے صارفین کو ماہانہ بلوں میں اضافی بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔

نئے شیڈول کے مطابق، ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے اور 200 یونٹ تک کے صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز لاگو ہوں گے۔ اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں پر 350 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ چارجز صرف 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین سے وصول کیے جاتے تھے۔

نیپرا فیصلے میں 301 سے 600 یونٹ تک کے صارفین کے لیے بھی فکسڈ چارجز میں 75 سے 200 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے بڑے صارفین کو معمولی ریلیف دیتے ہوئے ان کے فکسڈ چارجز میں کمی کر کے انہیں 675 روپے کی سطح پر لایا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے نیپرا کے اس فیصلے کو غریب دشمن قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور اسے عوام کی جیبوں پر براہِ راست ڈاکہ قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے