اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ) جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے خوفناک خودکش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے اس بزدلانہ کارروائی میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانی جانوں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز عمل ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے کے ماسٹر مائنڈز اور سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
بیان میں حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ تنظیم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ انتہا پسندی کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے۔
آخر میں ایسوسی ایشن نے میڈیا برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حساس صورتحال میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافی اپنے قلم کے ذریعے دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور قومی اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔