ننکانہ صاحب (بیورو چیف احسان اللہ ایاز) سینٹر آف ایکسیلینس (بوائز) ہائی سکول ننکانہ صاحب میں آرٹ اینڈ سائنس نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنی سائنسی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور جدت پسندی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ نمائش کا باقاعدہ افتتاح سی ای او ایجوکیشن ننکانہ صاحب نے کیا۔
نمائش میں طلبہ کی جانب سے تیار کردہ جدید سائنسی ورکنگ ماڈلز خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ طلبہ نے اپنے تیار کردہ ماڈلز کے طریقۂ کار، افادیت اور عملی پہلوؤں کے حوالے سے مہمانِ خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سی ای او ایجوکیشن نے طلبہ کی تخلیقی سوچ، سائنسی دلچسپی اور محنت کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے نمائش میں بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ نمائش میں قائم آرٹ گیلری بھی شرکاء کی خصوصی دلچسپی کا مرکز رہی، جہاں طلبہ کے تیار کردہ ٹیکسچر آرٹ، شیشے پر بنائے گئے فن پاروں اور خوبصورت خطاطی کے نمونے پیش کیے گئے۔ ان تخلیقی فن پاروں کے ذریعے طلبہ نے اپنی فنی صلاحیتوں اور جمالیاتی ذوق کا اظہار کیا۔
آرٹ اینڈ سائنس نمائش میں سائنسی ایجادات اور فنی تخلیقات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا، جس سے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عملی تجربات پیش کرنے کا موقع ملا۔
یہ نمائش طلبہ کی تخلیقی فکر، سائنسی شعور، فنی مہارت اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ لگن کا خوبصورت مظہر ثابت ہوئی۔ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں تحقیق، مشاہدے، تخلیقی سوچ اور عملی طور پر سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔