اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) نجی ٹی وی کے پروگرام "نیا پاکستان” میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی خیبرپختونخوا حکومت کے مستقبل سے متعلق انتہائی اہم اور سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فیصلہ سازوں کے لیے اب صرف پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ مسئلہ نہیں رہا، بلکہ بات قومی سلامتی تک جا پہنچی ہے۔ اس بنا پر یہ حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی حکومت کو جانا ہوگا۔
پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی تصدیق تو کی ہے مگر تیاریوں کی کمی کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ۵ اکتوبر عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر علامتی اہمیت کے پیش نظر طویل سیاسی جدوجہد کے تحت حکومت کو تھکانے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
تاہم دوسری جانب فیصلہ سازوں کا مؤقف بالکل مختلف ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ سازوں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اپنا لانگ مارچ کرے یا ملتوی کرے، اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ اب اصل مسئلہ قومی سلامتی کا بن چکا ہے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھیوں پر دہشت گرد عناصر سے مل کر ملک کو کمزور کرنے اور دہشت گردی کو ہوا دینے کے سنگین الزامات ہیں، جس کے باعث اب خیبرپختونخوا حکومت کے خاتمے کا فیصلہ طے پا چکا ہے۔