اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں ایک اہم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پانی کی شدید کمی کو دور کرنے کے لیے اگلے 3 سے 4 سال میں 3 نئے ڈیم تعمیر کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ۵۰ فیصد پانی کی کمی ہے تاہم اسلام آباد کے پانی کے مسائل کا مستقل حل اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام آباد میں وہ تمام خرابیاں موجود ہیں جو کسی غیر مربوط شہر میں ہوتی ہیں، تاہم موجودہ حکومت نے شہر کی بہتری کے لیے 1100 ارب روپے کی قیمتی زمین واگزار کروائی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کا ایک ایک انچ جدید کیمروں سے کور کیا جائے گا اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے 70 فیصد اہلکار 55 سال سے زائد عمر کے ہیں، جس کی وجہ سے فورس میں 10 ہزار نئے اور جوان اہلکار بالکل میرٹ پر بھرتی کیے جائیں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ شہر میں کوڑا اٹھانے کا کوئی مناسب نظام نہیں تھا لیکن اب بین الاقوامی معیار کا صفائی کا نظام لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے منفی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کا استعمال برادری یا ظاہری شخصیت کے بجائے کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر کریں۔
خطاب کے دوران انہوں نے میٹرو بس سروس کی افادیت کا ذکر کیا اور اشارتاً صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے کی انتظامیہ سرکاری وسائل اور 1122 کی ایمبولینسز لے کر وفاق پر چڑھائی کے لیے آتی ہے۔