میہڑ میں وراثتی جھگڑے میں بھائیوں پر کلہاڑیوں سے حملہ، انڈس ہائی وے حادثے میں ایک شخص جاں بحق

میہڑ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار منظور علی جوئیہ): میہڑ میں دو مختلف واقعات کے دوران وراثتی تنازعہ پر جھگڑے میں 4 افراد شدید زخمی جبکہ انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے دونوں واقعات میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔

میہڑ کے علاقے نؤں گوٹھ میں جگہ اور وراثت کے مسئلے پر سگے بھائیوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ تلخ کلامی کے بعد معاملہ شدت اختیار کرگیا اور دونوں فریقین کی جانب سے لاٹھیاں اور کلہاڑیاں استعمال کی گئیں، جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں صدر لاکھیر، مختیار لاکھیر، آصف لاکھیر اور دوسری پارٹی کا محمد کوڑل لاکھیر شامل ہیں۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے زخمیوں کو ریسکیو 1122 کے ذریعے تشویشناک حالت میں تعلقہ ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

طبی امداد کے بعد شدید زخمی افراد کو مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر نؤں گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین کے 3 افراد کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا، جبکہ واقعے کے مزید پہلوؤں کی چھان بین جاری ہے۔

دوسری جانب میہڑ کے انڈس ہائی وے پر بخاری ہوٹل کے قریب تیز رفتار ڈوم گاڑی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار عابد حسین چانڈیو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

حادثہ بی سیکشن تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر بی سیکشن پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو 1122 کی مدد سے جاں بحق شخص کی لاش پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کردی۔

ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

پولیس نے حادثے کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈوم گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا، جبکہ حادثے میں ملوث گاڑی بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی۔

پولیس کی جانب سے دونوں واقعات کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے