سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو )پروفیشنل میڈیا الائنس (PMA) کے وفد نے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی محمد آصف اقبال سے خصوصی ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے دوران سیالکوٹ کے شہریوں کو درپیش صفائی ستھرائی کے مسائل، ان کے ممکنہ حل اور شہر کو صاف ستھرا و خوبصورت بنانے سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایم ڈی سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد آصف اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کو صاف اور خوبصورت بنانے کے لیے ہر گلی اور محلے میں عوام کے اندر آگاہی و شعور اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ جس طرح اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں، اسی طرح اپنے شہر کی صفائی میں بھی شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان شاء اللہ بہت جلد سیالکوٹ کے اسکولوں اور کالجوں میں بھی صفائی اور شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ نئی نسل میں اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کا شعور پیدا کیا جا سکے۔ اس موقع پر ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ نے فوکل پرسن فہد کی بہترین کارکردگی اور خدمات پر کامل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
پروفیشنل میڈیا الائنس کے وفد نے شہری مسائل کے حل اور سیالکوٹ کو صاف ستھرا بنانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس اہم ملاقات میں کیو این این ورلڈ کے بیورو چیف مدثر رتو، 7 نیوز کے عثمان بٹ اور اسپیشل ٹی وی کے عمر علی ملک شامل تھے۔