پیر کوکھری قبرستان میں بنیادی سہولیات کا فقدان، صفائی اور قبروں کے تقدس پر تشویش

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار حبیب خان) عیدگاہ روڈ پر واقع پیر کوکھری قبرستان میں بنیادی انتظامات کی عدم دستیابی کے باعث صورتحال تشویشناک ہونے لگی، قبرستان کے اندر آوارہ جانور آزادانہ گھومتے پھرتے دکھائی دیتے ہیں، جس سے قبروں کے تقدس اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پیر کوکھری کوئی دور دراز دیہاتی قبرستان نہیں بلکہ اوچ شریف شہر کا اہم قبرستان ہے، جہاں شہری اپنے پیاروں کی تدفین کرتے ہیں۔ اس کے باوجود قبرستان میں جانوروں کی آمدورفت روکنے کے لیے مؤثر انتظامات دکھائی نہیں دیتے۔

شہریوں کے مطابق جانوروں کی موجودگی نہ صرف قبرستان کی صفائی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ قبروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ مقامی شہریوں نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف اور تحصیل احمد پور شرقیہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پیر کوکھری قبرستان کا فوری معائنہ کیا جائے، صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور آوارہ جانوروں کے داخلے کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں تاکہ قبرستان کا تقدس برقرار رہ سکے۔

شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ قبرستان کی چار دیواری، داخلی راستوں اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لے کر مستقل بنیادوں پر انتظامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قبرستان جیسے مقدس مقام کی دیکھ بھال صرف کسی حادثے یا شکایت کے بعد نہیں بلکہ مستقل انتظامی ذمہ داری کے طور پر ہونی چاہیے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے