غلط سمت سے آنے والی کار کو بچاتے ہوئے ٹرالر مسافر خانے سے ٹکرا گیا، 5 زخمی

رینالہ خورد (نامہ نگار):قومی شاہراہ پر رینالہ خورد کے قریب ایک 22 ویلر ٹرالر غلط سمت سے آنے والی کار کو بچانے کی کوشش میں بے قابو ہو کر سڑک کنارے قائم مسافر خانے میں جا گھسا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب قومی شاہراہ پر ایک کار مبینہ طور پر غلط سائیڈ سے آ رہی تھی۔ سامنے سے آنے والے 22 ویلر ٹرالر کے ڈرائیور نے تصادم سے بچنے کے لیے ٹرالر کا رخ موڑا، تاہم گاڑی بے قابو ہو کر قریب واقع مسافر خانے میں جا گھسی۔

حادثے کے نتیجے میں محمد اقبال، عبدالمجید، اظہر علی، صابر علی اور گلزار زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور ٹریفک کی روانی بحال کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے