رینالہ خورد (نامہ نگار):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی اور غیر معیاری منرل واٹر تیار کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رینالہ خورد بائی پاس، حجرہ شاہ مقیم اور بنگلہ گوگیرہ میں قائم تین واٹر پلانٹس کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ہزار لیٹر جعلی بوتل بند پانی، پندرہ سو خالی بوتلیں اور 25 کلو گرام جعلی پیکنگ میٹریل ضبط کر لیا گیا، جبکہ تمام پلانٹس کو اصلاحی اقدامات مکمل ہونے تک بند کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر جعلی اور غیر معیاری بوتل بند پانی تیار کرنے والے عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے تین مختلف واٹر پلانٹس کا معائنہ کیا، جہاں متعدد سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
کارروائی کے دوران بنگلہ گوگیرہ میں ایک واٹر پلانٹ پر معروف برانڈز کے نام سے جعلی پیکنگ اور لیبلنگ کے ذریعے منرل واٹر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا، جس پر پلانٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا اور پلانٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق دیگر واٹر پلانٹس سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل ہوگئے۔ ٹیسٹ رپورٹ میں پانی میں بیکٹیریا اور آرسینک کی موجودگی پائی گئی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دی جاتی ہے۔ اس بنا پر متعلقہ پلانٹس کی پیداوار فوری طور پر بند کروا دی گئی اور انہیں تمام خامیاں دور کرنے تک دوبارہ پیداوار شروع نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے جعل سازوں اور غیر معیاری خوراک و مشروبات تیار کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی منرل واٹر کی تیاری اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک و پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔