سوات (کیو این این ورلڈ)سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوتا ہے کہ واقعہ خودکش حملہ تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر برآمد ہوا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ آور کے افغان شہری ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ تاہم حتمی تصدیق مزید تفتیش اور فرانزک رپورٹ کے بعد ہی کی جا سکے گی۔
آئی جی خیبر پختونخوا آفس کے اعلامیے کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اور تفتیشی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
دھماکے میں شہید ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سینٹرل اسپتال سوات منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور امن دشمن عناصر کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کبل تھانے کے قریب خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خودکش حملہ آور کو تھانے کے اندر داخل ہونے سے روکا اور متعدد قیمتی جانوں کو بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں نے فرض شناسی، بہادری اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
کیو این این ورلڈ