موٹر سائیکل سنیچنگ اور سرقہ بالجبر میں ملوث ملزمان سے 5 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب) تھانہ اوچ شریف پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سنیچنگ اور سرقہ بالجبر کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی 5 لاکھ روپے نقد رقم اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق یہ کامیاب کارروائی اے ایس آئی حق نواز نے ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ کی ہدایات پر جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے انجام دی۔ مسلسل نگرانی اور بروقت حکمت عملی کے باعث پولیس ملزمان تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی 5 لاکھ روپے کی رقم ان وارداتوں کے دوران لوٹی گئی تھی، جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ رقم اصل مالکان کے حوالے کر دی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔ تفتیشی ٹیم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ جرائم کے نیٹ ورک اور ممکنہ ساتھیوں تک بھی رسائی حاصل کی جا سکے۔

اس کامیاب کارروائی پر علاقہ مکینوں اور متاثرہ شہریوں نے بہاولپور پولیس، بالخصوص تھانہ اوچ شریف پولیس اور اے ایس آئی حق نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بہاولپور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر، ڈکیتوں اور سنیچرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے