جناح پارک کی بحالی کیلئے ڈپٹی کمشنر متحرک

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے شہریوں کو معیاری اور بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جناح پارک کی بحالی، بہتری اور تزئین و آرائش کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے رات گئے جناح پارک کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں کے لیے نئے اور محفوظ جھولوں کی تنصیب، پارک میں مناسب اور مؤثر لائٹنگ کے فوری انتظامات اور واکنگ ٹریک کی مرمت و بحالی کے احکامات جاری کیے۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پارک کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے تزئین و آرائش کے کام کو مزید بہتر بنایا جائے اور پودوں و سبزہ زاروں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ پارکس اور تفریحی مقامات کسی بھی زندہ اور ترقی یافتہ شہر کی شناخت ہوتے ہیں۔ عوام، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کو صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے اسے ایک مثالی تفریحی مقام بنایا جائے گا تاکہ شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ محفوظ، خوبصورت اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی فلاح اور تفریحی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے