ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کی جائیں، کمشنر ساہیوال

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت مفاد عامہ کے اقدامات، ریونیو امور، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے ریونیو جوڈیشل کیسز، اربن فلڈنگ سے بچاؤ، ممکنہ سیلابی خطرات، ہائی ویلیو پراپرٹیز اور جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ریونیو جوڈیشل کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے کیونکہ ان کی فوری سماعت اور فیصلے عوامی ریلیف کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر سی ایم ایس (RCMS) نظام کو مزید آسان، مؤثر اور کامیاب بنانا تمام متعلقہ افسران کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے تاکہ سائلین کو بروقت انصاف اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس کے دوران کمشنر نے ضلعی سطح پر ہائی ویلیو پراپرٹیز کے درست تعین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق ڈیٹا کی تیاری میں تمام حقائق اور زمینی حالات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ریونیو نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ کے خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں سے منسلک نہروں، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی مکمل انسپیکشن کی جائے اور نکاسیٔ آب کے نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

کمشنر ساہیوال نے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق پی ڈی پی سکیموں کی مؤثر منصوبہ بندی پر بھی زور دیا اور کہا کہ حکومت پنجاب کے عوام دوست منصوبوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ڈی سی آفس اوکاڑہ کے لان میں جاری شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پنجاب کے قیام کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے