باڑہ میں غیر اخلاقی محفل پر چھاپہ، چار افراد گرفتار، شراب برآمد

خیبر (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ) خیبر ضلع کے علاقے باڑہ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شراب نوشی اور بے ہودہ محفل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے شراب کی بوتل اور لاؤڈ اسپیکر بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور معاشرتی برائیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت باڑہ پولیس متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او باڑہ زاہد اللہ خان کی نگرانی میں سب انسپکٹر بلال خان، انچارج سید کریم شہید پوسٹ نے پولیس نفری کے ہمراہ دوران گشت کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں نے ذاخیل کے علاقے میں چار افراد کو نشے کی حالت میں بلند آواز میں گانے بجانے اور ڈانس کرتے ہوئے پایا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان روشن ولد سید ملوک، خورشید ولد رشید، نقیب اللہ ولد یار مولا اور صاحب ولد سیف الملوک کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک بوتل شراب اور ایک عدد لاؤڈ اسپیکر بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار افراد کو تھانے منتقل کر کے ان کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

اس موقع پر ایس ایچ او باڑہ زاہد اللہ خان نے کہا کہ عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے، شراب نوشی، فحاشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کو محفوظ، پُرامن اور قانون کے مطابق ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے