بارش کے بعد اوکاڑہ میں ریسپانس مؤثر، ڈپٹی کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لیا

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے ڈائریکٹر واسا پنجاب چوہدری طاہر امین کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں کے بعد نکاسیٔ آب کے انتظامات، انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج منصوبوں اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا عبدالوحید، ایم ڈی ستھرا پنجاب محمد وسیم اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور گزشتہ بارش کے بعد نکاسیٔ آب کے لیے ضلعی انتظامیہ، واسا، میونسپل کمیٹی اور دیگر اداروں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج منصوبے اور بارشی پانی کی نکاسی کے لیے واسا اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شہر میں نکاسیٔ آب کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک پی ڈی پی پروگرام کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے ذریعے بارشی پانی کے مؤثر انتظام اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی پروگرام کے تحت سیوریج لائنوں کی بہتری، نکاسیٔ آب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے دوران تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیے۔ اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیمیں پوری رات فیلڈ میں متحرک رہیں اور مختلف علاقوں میں بارشی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر کے بیشتر مرکزی علاقوں سے بارشی پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں کی بڑی تعداد بھی کلیئر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند مقامات پر نکاسیٔ آب کا کام جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

محمد اکرام ملک نے کہا کہ شہر میں نکاسیٔ آب کے نظام میں واضح بہتری آ چکی ہے اور مستقبل میں مزید ترقیاتی اقدامات کے ذریعے اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون سیزن کے دوران ضلعی انتظامیہ، واسا، ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کی ایمرجنسی ٹیمیں چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب اور واسا کے ورکرز کی محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے