بارش کے بعد کمشنر گوجرانوالہ کا ہنگامی دورہ، نکاسیٔ آب تیز کرنے کی ہدایت

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ میں دوسرے روز بھی جاری بارش کے دوران کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسِ آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شمسی چوک انڈر پاس، ڈی سی روڈ، سوئی گیس روڈ، گوندلانوالہ پھاٹک روڈ اور سول ہسپتال روڈ کا معائنہ کرتے ہوئے بارشی پانی کی صورتحال اور نکاسی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

کمشنر محمد علی نے متعلقہ افسران سے مختلف مقامات پر جمع ہونے والے بارشی پانی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے نکاسی آب کا عمل مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی جلد از جلد نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔

دورے کے دوران کمشنر نے شمسی چوک انڈر پاس میں نکاسی آب کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا، جبکہ ڈی سی روڈ، سوئی گیس روڈ، گوندلانوالہ پھاٹک روڈ اور سول ہسپتال روڈ پر پانی کی نکاسی کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے۔

کمشنر محمد علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے اور مختلف علاقوں میں فیلڈ انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے