اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)زراعت کی ترقی، جدید کاشتکاری کے فروغ اور پانی کی بچت کے لیے حکومت پنجاب کے ایک اہم اقدام کے تحت محکمہ اصلاح آبپاشی کے زیر اہتمام امدادی قیمت پر 38 لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ایم سی ہال اوکاڑہ میں ہونے والی تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کسانوں کی موجودگی میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی محمد یونس، محکمہ زراعت اور اصلاح آبپاشی کے افسران سمیت کسانوں اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت اور ترقی کا دارومدار زرعی شعبے پر ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں کسان دوست پالیسیوں کے تحت شعبہ زراعت کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مشینری کی فراہمی سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کو جدید خطوط پر کاشتکاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہر لیزر لینڈ لیولر پر 6 لاکھ روپے کی خطیر سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کے مطابق تحصیل دیپال پور کے 22، تحصیل اوکاڑہ کے 11 جبکہ رینالہ خورد کے 5 کسانوں کو لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیزر لینڈ لیولر زمین کو ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ پانی کے مؤثر استعمال اور بچت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس سے فصلوں کی پیداوار بہتر اور زرعی اخراجات میں کمی آتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسانوں کی سہولت، خوشحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر قرعہ اندازی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف قرار دیتے ہوئے منتخب کسانوں نے حکومت پنجاب اور محکمہ اصلاح آبپاشی کے اس اقدام کو زرعی شعبے کی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔