WFP کی امدادی اشیاء پر مشتمل 21 ٹرک طورخم کے راستے افغانستان پہنچنے روانہ

لنڈی کوتل ،طورخم (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار)اقوام متحدہ کے عالمی پروگرام برائے خوراک (WFP) کی امدادی اشیاء پر مشتمل تقریباً 21 ٹرکوں کا قافلہ طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تمام ٹرک کسٹمز اور کلیئرنس کے قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد سرحد پار روانہ کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کراچی پورٹ کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا، جسے بعد ازاں طورخم بارڈر منتقل کیا گیا۔ متعلقہ اداروں نے ضروری دستاویزی کارروائی اور کسٹمز کلیئرنس مکمل کرنے کے بعد قافلے کو افغانستان جانے کی اجازت دی۔

امدادی سامان میں غذائی قلت کا شکار بچوں اور ماؤں کے لیے خصوصی غذائی سپلیمنٹ ACHA MUM، ویجیٹیبل آئل اور فورٹیفائیڈ بسکٹس شامل ہیں۔ یہ اشیاء افغانستان کے مختلف متاثرہ علاقوں، خصوصاً جلال آباد اور گرد و نواح میں ضرورت مند خاندانوں تک پہنچائی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کارگو کو طورخم بارڈر کے راستے افغانستان منتقل کرنے کے لیے این او سی جاری کیا تھا۔ اس کے علاوہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ کسٹمز اور کلیئرنس کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ امدادی سامان بروقت مستحق افراد تک پہنچ سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان ماضی میں بھی اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے ٹرانزٹ سہولیات فراہم کرتا رہا ہے، جس کے تحت امدادی سامان مختلف سرحدی راستوں سے افغانستان منتقل کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے