کوئٹہ (کیو این این ورلڈ)بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران مزید 2 خارجی دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد آپریشن کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 85 ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر فضائی اور زمینی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد فتنہ الخوارج کے عناصر کا خاتمہ اور علاقے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی ایک گاڑی کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا۔ مؤثر آپریشن کے نتیجے میں مزید دو دہشتگرد مارے گئے، جس سے آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 85 تک پہنچ گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 123 خارجی دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور شرپسند عناصر کے خلاف مربوط کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔