اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دیے گئے ایک حالیہ ایوارڈ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے اس اعزاز کو "من گھڑت اور شرمناک” قرار دیتے ہوئے بھارتی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ مودی کی آمد سے چند روز قبل ہی یہ ایوارڈز جلد بازی میں تخلیق کیے گئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کو دیے گئے سرٹیفکیٹس کسی سستے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈل کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں۔
خواجہ محمد آصف نے مزید تکنیکی خامیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ ان سرٹیفکیٹس میں واضح طور پر املا کی سنگین غلطیاں موجود ہیں، اور سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ نریندر مودی اس خود ساختہ اعزاز کے پہلے اور اب تک کے واحد وصول کنندہ بنے ہیں۔
وزیر دفاع نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے سستی شہرت حاصل کرنے کی یہ کوشش نہایت شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو عالمی سطح پر مقبول رہنما ثابت کرنے کی اس بھونڈی کوشش نے عالمی سطح پر پوری بھارتی قوم کو شدید شرمندگی سے دوچار کر دیا ہے۔