اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مؤثر حکمت عملی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سخت قانونی کارروائی اور عوامی تعاون کے باعث ضلع میں سنگین جرائم میں مجموعی طور پر 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے 30 جون 2026 تک کی کارکردگی کا گزشتہ سال کے اسی عرصے سے تقابلی جائزہ لینے پر قتل کے مقدمات 43 سے کم ہو کر 36 رہ گئے، جو 20 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ اسی طرح اقدامِ قتل کے مقدمات میں 58 فیصد، ڈکیتی و رابری میں 59 فیصد، وہیکل سنیچنگ میں 64 فیصد، موٹر سائیکل چوری میں 49.6 فیصد جبکہ نقب زنی کے مقدمات میں 48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران 2 ہزار 41 اشتہاری ملزمان، 395 عدالتی مفروران اور 498 ٹارگٹڈ آفینڈرز کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 70 خطرناک جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے 195 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 6 کروڑ 34 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 197 کلوگرام چرس، 8.32 کلوگرام آئس، 2.8 کلوگرام افیون، 1.1 کلوگرام ہیروئن اور 11 ہزار 271 لیٹر شراب برآمد کی گئی، جبکہ غیر قانونی اسلحے کے خلاف بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی پوری قوت اور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ضلع اوکاڑہ کو مزید پرامن بنایا جا سکے۔