اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام مفت میت منتقلی ایمبولنس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سروس کا مقصد غمزدہ خاندانوں کو میت کی باوقار، بروقت اور بلا معاوضہ منتقلی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں ریسکیو 1122 سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال، ڈی ایچ او ڈاکٹر طارق اقبال طور، ریسکیو افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن کے مطابق عوام کو مزید بہتر، باوقار اور بروقت سہولیات فراہم کرنے کے لیے میت منتقلی ایمبولنس سروس شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں سے میت کی منتقلی کی سہولت شہریوں کو مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی، جبکہ ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ میت کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ مقررہ مقام تک منتقل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد غم کی گھڑی میں لواحقین کی مشکلات کم کرنا، انہیں فوری سہولت فراہم کرنا اور میت کی منتقلی پر آنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
مہمانِ خصوصی چوہدری ریاض الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یہ اقدام عوامی فلاح و بہبود کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف ہنگامی امدادی خدمات بلکہ فلاحی منصوبوں کے ذریعے بھی عوام کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ اس نئی سروس سے لواحقین کو مشکل وقت میں باوقار، بروقت اور مفت سہولت میسر آئے گی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور دیگر شرکاء نے میت منتقلی کے لیے مختص ایمبولنسز کا معائنہ بھی کیا۔