ننکانہ صاحب: 3 بچوں کی اموات، خسرہ کا شبہ، حتمی تصدیق لیبارٹری رپورٹ سے مشروط

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف احسان اللہ ایاز) سیدوالہ کے نواحی گاؤں شیخ بلاول میں پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق ہو گئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ بچوں میں بظاہر خسرہ جیسی علامات پائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے حتمی تشخیص کو لیبارٹری رپورٹ سے مشروط قرار دیا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 13 سالہ رضوان، 12 سالہ نسیم اور 7 سالہ علیزہ شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر راؤ نے ضلعی محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا، سوگوار خاندان سے ملاقات کی، بچوں کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا اور متعلقہ حکام کو صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بچوں اور دیگر مشتبہ افراد کے خون اور گلے (اورل تھروٹ) کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ بیماری کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی طور پر متاثرہ افراد میں خسرہ جیسی علامات دیکھی گئی ہیں، تاہم بیماری کی حتمی تصدیق لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں موجود ہیں اور حفاظتی و طبی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ خاندان کے قریبی گھروں میں رہنے والے مشتبہ افراد کے نمونے بھی حاصل کرکے لیبارٹری روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ بیماری کے ممکنہ پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے