رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ/زاہد خان بڈانی کی رپورٹ) تحصیل خان پور کے رہائشی غریب اور بے زمین کاشتکار نے اراضی کی اقساط وصول نہ کرنے اور متعلقہ محکمے کے اہلکاروں کی جانب سے بھاری رشوت کے مطالبے کے خلاف ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی۔ کسان نے ضلعی انتظامیہ سے انصاف فراہم کرنے اور زمین کا باقاعدہ پٹا جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 107 ون ایل، تحصیل خان پور کے مستقل رہائشی عبدالستار ولد غوث بخش نے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کو دی گئی اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ ایک غریب اور بے زمین کسان ہے۔ حکومتِ پنجاب نے سال 2002ء میں بے زمین کاشتکاروں کو اراضی الاٹ کرنے کی پالیسی بنائی تھی، جس کے تحت انہیں بھی رقبہ الاٹ کیا گیا تھا اور اس کی کل ادائیگی تین اقساط میں ہونی تھی۔ کاشتکار کے مطابق انہوں نے الاٹمنٹ کے بعد پہلی قسط باقاعدہ طور پر سرکاری خزانے میں جمع کروا دی تھی۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ جب وہ دوسری قسط کی ادائیگی کے لیے متعلقہ محکمے کے دفتر گئے تو وہاں موجود ذمہ دار اہلکاروں نے قواعد و ضوابط کے مطابق قسط وصول کرنے کے بجائے بھاری رشوت کا مطالبہ کر دیا۔ رشوت دینے سے قاصر ہونے کی وجہ سے گزشتہ کئی سالوں سے انہیں انصاف کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگوائے جا رہے ہیں اور ان کی جائز سرکاری قسط وصول نہیں کی جا رہی، جس کی وجہ سے غریب خاندان شدید معاشی اور ذہنی پریشانی کا شکار ہے۔
کاشتکار عبدالستار نے ڈپٹی کمشنر سے استدعا کی ہے کہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت جاری کی جائے کہ وہ اراضی کی بقایا اقساط وصول کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دفتروں میں جاری رشوت خوری کے اس عمل کو روک کر انہیں زمین کا باقاعدہ پٹا اور ملکیت کا ثبوت جاری کیا جائے تاکہ وہ محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں اور ایک غریب خاندان کو حق تلفی سے بچایا جا سکے۔