قصور: ریلوے روڈ پر سرکاری ریڑھی بازار کا قیام، شہری حلقوں میں سوالات اٹھنے لگے

قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) تجاوزات کے نام پر ریڑھیاں ہٹانے کے بعد اسی جگہ سرکاری ریڑھی بازار قائم، شہری حیران

تفصیل کے مطابق قصور ریلوے روڈ پر ریڑھی بانوں کے حوالے سے انتظامی اقدامات اور بعد ازاں اسی مقام پر سرکاری ریڑھی بازار کے قیام نے شہری حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، ماضی میں اسی علاقے میں ریڑھی بانوں کے خلاف تجاوزات، ٹریفک جام اور غیر قانونی قبضوں کے نام پر سخت کارروائیاں کی گئی تھیں جس کے دوران متعدد ریڑھیاں ضبط اور بعض افراد کو موقع سے ہٹایا گیا تھا۔

تاہم اب اسی مقام پر سرکاری ریڑھی بازار قائم کیے جانے کے بعد شہریوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ اگر یہ جگہ پہلے غیر قانونی قرار دی گئی تھی تو اب اسے باقاعدہ بازار کی صورت میں کیوں منظور کیا گیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی مقام اور ایک ہی سرگرمی کے حوالے سے مختلف ادوار میں مختلف فیصلے قانون کے یکساں نفاذ پر سوالیہ نشان ہیں۔

دوسری جانب انتظامی حلقوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ اس ریڑھی بازار کے قیام کا اصل مقصد ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا اور ریڑھی بانوں کے لیے ایک منظم جگہ فراہم کرنا ہے تاکہ سڑک پر غیر قانونی تجاوزات اور ٹریفک کے روز مرہ کے مسائل کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے، اس صورتحال پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام فیصلے شفاف، واضح اور مستقل پالیسی کے تحت کیے جائیں تاکہ عوام میں پیدا ہونے والے ابہام اور بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے