رینالہ خورد: ٹرین کی ٹکر سے 23 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا

رینالہ خورد: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)رینالہ خورد میں ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ایک نوجوان تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگیا۔ افسوسناک حادثہ کسان مووی پوائنٹ کے عقب میں زرعی یونیورسٹی دیپالپور کیمپس کی عقبی دیوار کے قریب پیش آیا، جہاں نوجوان ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بی لائن اوکاڑہ کے رہائشی 23 سالہ زوہیب نیشنل ہائی وے کے قریب کسان مووی پوائنٹ کے عقب میں واقع زرعی یونیورسٹی دیپالپور کیمپس کے نزدیک ریلوے لائن عبور کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرین آ گئی۔ نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد متوفی کی نعش اپنی تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ منتقل کر دی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں بھی افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی شہریوں نے ریلوے لائن عبور کرنے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے ایسے مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے