ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) ڈیرہ غازی خان میں بدمعاشی کلچر کا سرغنہ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر دھمکیاں دینے کے حوالے سے مشہور بین الاضلاعی ڈاکو اصغر جڑھ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا ملزم ریکارڈ یافتہ تھا اور اغواء برائے تاوان، اقدامِ قتل، رہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں ڈیرہ غازی خان اور ملتان پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ یہ ملزم احمد نورانی کلاتھ ہاؤس والے کے اغواء کے مقدمہ میں بھی ملوث تھا۔
یہ واقعہ تھانہ صدر کے علاقے پل گجوجی کے قریب پیش آیا، جہاں خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے ملزمان کا تعاقب کیا۔ پولیس پارٹی میں ایس ایچ او سول لائن علی عمران، ایس ایچ او صدر ملک یونس اور ایس ایچ او سٹی عابد حسین سمیت دیگر اہلکار شامل تھے، جبکہ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سٹی محمد افضل بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
تعاقب کے دوران بدمعاشوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے شدید پولیس مقابلے کے دوران اصغر جڑھ اپنے ہی فرار ہونے والے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ملزم کے دیگر جرائم پیشہ ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے علاقے میں بڑا سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔