گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کی یونین کونسل جروار کے نواحی گاؤں خدا بخش لغاری میں بنیادی سڑک کی عدم دستیابی کا مسئلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ مقامی آبادی نے ترقیاتی دعوؤں اور مبینہ فنڈز کے باوجود علاقے میں عملی کام نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق گاؤں کے مکین آج بھی کچے، ٹوٹے پھوٹے اور ناقابل استعمال راستوں پر آمدورفت کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف روزمرہ زندگی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ ایک سنگین سماجی و معاشی مسئلہ بن چکی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکول جانے والے بچے، مریض، خواتین اور مزدور روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ بارشوں کے موسم میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، جب کچے راستے کیچڑ اور پانی سے بھر جاتے ہیں اور گاؤں کا دیگر علاقوں سے رابطہ تقریباً منقطع ہو جاتا ہے۔
اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یونین کونسل جروار کے دیگر دیہات میں سڑکوں کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، تاہم گاؤں خدا بخش لغاری کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس سے ترقیاتی ترجیحات اور وسائل کی تقسیم پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونین کونسل چیئرمین اور منتخب نمائندے اس مسئلے پر جواب دہی کریں جبکہ لوکل گورنمنٹ کے ادارے فوری فیلڈ وزٹ اور انکوائری کریں۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ بشمول کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو اس مسئلے پر ہنگامی بنیادوں پر ایکشن پلان تیار کرے اور ترقیاتی فنڈز کی شفاف جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اب صرف وعدے اور اعلانات کافی نہیں رہے بلکہ عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں، کیونکہ سڑک صرف آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے۔