واربرٹن (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ضلع ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت و آبادی کے زیر اہتمام آبادی میں تیزی سے اضافے کے اثرات اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے ایک اہم آگاہی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ مسٹر طاہر علی، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ننکانہ صاحب کی زیر نگرانی ہائی سکول واربرٹن میں منعقد ہوئی۔
اجلاس میں اساتذہ، نوجوانوں، علمائے کرام، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے سماجی، معاشی اور تعلیمی چیلنجز کو اجاگر کرنا اور اس مسئلے کے حل کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا تھا۔
شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات پر دباؤ بڑھا رہا ہے، جس کے باعث معاشی ترقی کے اہداف بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی آگاہی اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہی اس چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مسٹر ظہیر الدین بابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے، اساتذہ اور نوجوان نسل آبادی سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہمات کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کے ہر طبقے تک درست معلومات پہنچ سکیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کے حل اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔