ورلڈ ماحولیاتی دن: ڈیرہ غازی خان میں صفائی و ماحولیات آگاہی واک

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) ورلڈ ماحولیاتی دن کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی نگرانی میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے زیرِ اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا مقصد شہریوں میں ماحولیاتی تحفظ، صفائی ستھرائی اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

واک میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر منصور ناگرہ، کوآرڈی نیٹر عبداللہ عباسی، پی آر او جواد اکبر، اے ایم او محمد اویس، ایڈمن راشد فرید اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے، صفائی کے فروغ اور شہریوں میں ذمہ دارانہ رویوں کو اپنانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا قومی فریضہ ہے، جبکہ صاف اور صحت مند ماحول ایک خوشحال معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ درختوں کا تحفظ، صفائی ستھرائی کا خیال اور فضلہ مناسب انداز میں ٹھکانے لگانا ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

واک کے اختتام پر شرکاء نے ماحولیاتی تحفظ، صفائی کے فروغ اور گرین پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس عہد کا اظہار کیا کہ آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے