اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو کی زیر صدارت پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری لانے کیلئے ریونیو سے متعلقہ تمام برانچوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ون ونڈو سروسز، عوامی شکایات کے ازالے، ریونیو ریکوری اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر صاف شفاف اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈی سی آفس کی مختلف برانچوں میں ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال اور متحرک بنایا جائے تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور پبلک سروس ڈلیوری میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ونڈو سروسز کا مقصد شہریوں کے وقت کی بچت اور دفتری نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ہدایت کی کہ ریونیو سے متعلقہ تمام برانچیں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور عوامی درخواستوں پر قانون کے مطابق فوری فیصلے کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا تمام افسران کی ذمہ داری ہے۔